مرکز احمدیت قادیان دارالامان میں 130 ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب و بابرکت انعقاد
(از مکرم منصور احمد مسرور منتظم رپورٹنگ جلسہ سالانہ قادیان 2025) (قسط 2 آخری)
جلسہ مستورات مورخہ 27 دسمبر 2025ءبروز ہفتہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۷دسمبر ۲۰۲۵ء بروزہفتہ اڑھائی بجے جلسہ مستورات کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس جلسہ کی صدارت سیّدنا حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے محترمہ ڈاکٹر ذکیہ تسنیم صاحبہ صدرضلع بھاگلپور و مونگیر بہار نے فرمائی۔ تلاوت قرآن کریم محترمہ فاطمہ بیگم صاحبہ آف بانسرہ صوبہ بنگال نے کی۔مکرمہ امۃ الوسیع شمائلہ صاحبہ نائب صدر اوّل لجنہ اماء اللہ بھارت نے ترجمہ پیش کیا۔ مکرمہ شاہدہ فرید صاحبہ آف پونچھ نے نظم پڑھی۔ جلسہ کی پہلی تقریر محترمہ راشدہ رحمٰن صاحبہ صدر ضلع لجنہ اماء اللہ دہلی، نوئیڈا این سی آر نے ’’ پرسکون عائلی زندگی بہترین تربیت اولاد کی ضامن ‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرمہ سارہ وقفی صاحبہ اور مکرمہ نیرہ تنویر فارعہ صاحبہ نے نظم پڑھی۔بعد ازاں ناصرت کی بچیوں نے ترانہ پیش کیا۔ اجلاس کی دوسری تقریر مکرمہ منصورہ الہ دین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بھارت نے’’ خلیفۃ المسیح کے خطبات اور خطابات کی اہمیت و برکات اور لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر کی۔ جلسہ میں غیر از جماعت مستورات بھی شامل ہوئیں۔
قادیان کیساتھ افریقن ممالک کے جلسے اوربعض ممالک میں اجتماعی رنگ میںجلسے میں شمولیت
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطاب کے آخر میں فرمایا : مختلف جگہوں پہ جلسے ہورہے ہیں، بعض جگہ ویسے لوگ اکٹھے ہوئے ہیں۔ چھ سات جگہ تو جلسے ہورہے ہیں۔ افریقہ کے حالات آج کل کافی خراب ہیں۔ اس کے باوجود لوگوں نے بڑی قربانی کرکے، بڑی تکلیف برداشت کرکے جلسے میں شمولیت کی ہے۔ نائیجر میں اس وقت 3ہزار 340 لوگ ہیں۔ برکینا فاسومیں 6ہزار 141ہیں۔ برکینا فاسو کے حالات تو خاص طور پر بہت خراب ہیں۔ سینیگال میں 1510 ہیں۔ فرنچ گیانا میں 50 کے قریب لوگ ہیں، چھوٹی سی جماعت ہے۔ چیک ریپبلک میں 157ہیں، یہاں بھی چھوٹی سی جماعت ہے۔ گنی بساؤ میں 5ہزار 50ہیں۔ ٹوگو میں 1127ہیں، یہ بھی چھوٹا سا ملک ہے۔ کونگو کنشاسا میں اس وقت 2ہزار 347لوگ مرکز میں بیٹھے ورچوئل سن رہے ہیں۔ جرمنی میں اس وقت وقف نو کا اجتماع ہورہا ہے، وہاں 3ہزار 350 واقفین نو جلسہ سن رہے ہیں۔ ٹوٹل باہر کے لوگ جو سن رہے ہیں 23 ہزار سے اوپر ہیں۔اس طرح اللہ کے فضل سے اس وقت گھروں کے علاوہ جو لوگ سن رہے ہیں، یا مختلف مراکز میں بیٹھے جلسہ سن رہے ہیں ان کے علاوہ جو اجتماعی طور پر جلسہ سن رہے ہیں ان کی کل تعداد اس وقت تقریباً 40 ہزاربن جاتی ہے۔
شعبہ تربیت
مورخہ 24 تا 30 دسمبر2025 مسجد اقصی اور مسجد انوار میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔اور جلسہ کے تین دن قادیان کی تمام مساجد میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ تہجد کی نماز کیلئے شعبہ تربیت کی طرف سے جگانے کا انتظام تھا۔ درود شریف اور پاکیزہ اشعار پڑھ کر نماز تہجد کیلئے احباب کو بیدار کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد تفسیر کبیر سے قرآن مجید کا درس دیا گیا۔ قادیا ن کے تمام محلہ جات اور جلسہ گاہ میں تربیتی بینرز لگائے گئے۔
نکاحوں کے اعلانات
جلسہ کے موقع پر احباب کرام کی خواہش ہوتی ہے کہ قادیان کی مقدس بستی میں ان کے بچوں کے نکاحوں کے اعلانات ہوں ۔ چنانچہ جلسہ کے دوسرے دن بعد نماز مغرب و عشاء مسجدانوارمیں نکاحوں کے اعلانات ہوئے۔
شعبہ ترجمانی
جلسہ گاہ سے 9زبانو ں میں رواں ترجمہ کیاگیا۔ (1)ملیالم (2)تامل (3)تیلگو (4)کنڑ (5)بنگلہ (6)انگریزی (7)عربی (8)انڈونیشن (9)رشین۔تقاریرکا ترجمہ متعلقہ زبانوں میں کرکے قبل ازوقت دے دیا گیا تھاجس کی وجہ سے رواں ترجمہ احسن رنگ میں سنایاگیا۔ جبکہ سیدناحضرت امیرالمؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ، ڈاکیومنٹری اور اختتامی خطاب کا رواں ترجمہ کیاگیا۔چارزبانوں یعنی اُردو،بنگلہ،تامل، اورملیالم ترجمہ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ نشرہوتارہا ہے۔ جس کی وجہ سے ان چار زبانوں سے واقف احباب اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے یا اپنی سہولت کے مطابق جلسہ سالانہ کی کارروائی براہِ راست سماعت فرماتے رہے ۔لجنہ اماء اللہ کا جلسہ سالانہ دوسرے دن دوپہربعدنمازظہروعصر منعقدہوا جس میں پانچ زبانوں انگریزی، بنگلہ، ملیالم، تامل اور انڈونیشین میں رواں ترجمہ کیاگیا۔
ایم ٹی اے
شعبہ mta کو جلسہ سالانہ قادیان کے تینوں دن مکمل کوریج، لائیو اسٹریمنگ اور نشریاتی انتظامات کی سعادت حاصل ہوئی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے جلسہ سالانہ قادیان کے جملہ پروگرامز کی تین دن لائیو اسٹریمنگ کی گئی ، جس کے ذریعہ دنیا بھر میں ناظرین نے اس بابرکت جلسہ میں براہِ راست شرکت کی۔لائیواسٹریمنگ کے ذریعہ چورانوے ہزار دو سو آٹھ لوگوں نے جلسہ سے استفادہ کیا۔
قیام گاہیں،نظامتیں ومختلف شعبہ جات
امسال مہمانوں کی رہائش کیلئے 14 قیام گاہیں تیاری کی گئیں۔ 35نظامتوں کے ناظمین، نائب ناظمین ومعاونین دن رات خدمات بجالانے میںمصروف رہے۔ 3لنگر خانوںمیں کھانے تیار کئے گئےجبکہ روٹی پلانٹ میں مشین کے ذریعہ ہزاروں کی تعداد میںمہمانوں کے لئے روٹیاں بنتی رہیں۔ جلسہ گاہ کے تحت 21اور لجنہ اماء اللہ کے تحت 20مختلف شعبہ جات کے رضاکاران نے اپنے اپنے مفوضہ فرائض بخوبی سرانجام دئیے۔
شعبہ خدمت خلق
ہندوستان کے مختلف صوبہ جات کی مجالس سے450 خدام رضا کاران شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے کے لئے قادیان تشریف لائے جبکہ قادیان کے کم و بیش300 خدام نے اس شعبہ کے تحت ڈیوٹیاں سرانجام دیں ۔ اس کے علاوہ صف دوم کے انصار کی ایک ٹیم اور لجنہ اماء اللہ کے تحت مستورات کی قیام گاہوں ، جلسہ گاہ و مساجد میں لجنہ و ناصرات کی رضاکارٹیمیں بھی خدمات بجالا رہی تھیں۔ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے جملہ مہمانان کرام کی رجسٹریشن کی گئی اور انہیں جلسہ رجسٹریشن کارڈزجاری کئے گئے۔حفاظتی انتظام کے تحت دار المسیح ،بہشتی مقبرہ، مقامات مقدسہ ، جلسہ گاہ اورمختلف قیام گاہوں اور اہم داخلی راستوں پر شعبہ ھذا کے تحت حفاظتی ڈیوٹیوں کا 24گھنٹے انتظام کیا گیا ۔اسی طرح مساجد میں صف بندی، سڑکوں اور گلیوں میں ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات، جلسہ گاہ میں نظم وضبظ اور مہمانان کرام کو پانی پلانے کا انتظام بھی کیا گیا۔
استقبال غیر مسلم معزز مہمانان
گیارہ سو غیر مسلم معزز مہمانوں نے جلسہ سالانہ قادیان میں شرکت کی ۔ ان سبھی مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیااور ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ان میں سیاسی سماجی اور مذہبی لیڈران کے علاوہ عام لوگ بھی تھے جو قادیان کے گردونواح اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے تھے۔ سبھی مہمان اچھا اثر لیکر گئے۔