اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-10-29

کشمیر و اتر پردیش میں دینی و تربیتی اجتماعات اور سیرت النبی ﷺ کے جلسوں کا انعقاد

ضلع شوپیان کےواقفینِ نو و واقفاتِ نوکاسالانہ اجتماع

الحمد للہ ضلع شوپیاں کا سالانہ اجتماع واقفینِ نو و واقفاتِ نو مورخہ 5 و 6ستمبر 2026ء کو منعقد ہوا،جس میں واقفینِ نو و واقفاتِ نو کے ساتھ بچوں کے والدین، سیکرٹری وقفِ نو، مربیان اور معلمین بھی شامل ہوئے۔اجتماع کا آغاز نمازِ تہجد سے ہوا، جبکہ افتتاحی تقریب محترم خورشید احمد گنائی صاحب، امیر ضلع شوپیاں کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔ اجتماع کے دوران واقفینِ نو و واقفاتِ نو کے لیے مختلف علمی، تربیتی اور ورزشی پروگرام منعقد ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں حصہ لینے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ بچوں کے لیے کھانے کا مناسب انتظام بھی کیا گیا۔

اجتماع کے موقع پر ”تحریکِ وقفِ نو اور وقفِ زندگی“ کے عنوان سے ایک خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں وقفِ نو اور وقفِ زندگی کی اہمیت اور ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔ بچوں کی ضروریات اور انفرادی حالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انفرادی کونسلنگ بھی کی گئی۔ اجتماع کی اختتامی تقریب بھی محترم خورشید احمد گنائی صاحب، امیر ضلع شوپیاں کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس کے اختتام پر دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

الحمد للہ، اجتماع مجموعی طور پر دینی، علمی، تربیتی اور جسمانی سرگرمیوں کے اعتبار سے مفید اور کامیاب رہا۔

(انچارج شعبہ وقف نو بھارت)

سالانہ اجتماع ضلع کولگام زون Bکشمیر

الحمد للہ ضلع کولگام زون B کا سالانہ اجتماع واقفینِ نو و واقفاتِ نو 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوا۔ اجتماع کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا، جو محترم مظفر احمد صاحب، امیر ضلع کولگام زون B کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔اجتماع کے دوران واقفینِ نو و واقفاتِ نو کے لیے مختلف دینی، علمی اور تربیتی پروگرام منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر اجتماع نہایت کامیاب اور مفید رہا۔ پروگراموں میں واقفینِ نو و واقفاتِ نو کے علاوہ مربیان، معلمین، والدین اور سیکرٹریانِ وقفِ نو نے بھی شرکت کی۔ بچوں کی علمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں علمی ذوق پیدا کرنے کے لیے مختلف علمی مقابلہ جات ہوئے۔

نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں حوصلہ افزائی کے لیے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اجتماع میں ایک خصوصی پروگرام بعنوان ”وقفِ زندگی ایک عہد، ایک سفر، ایک نعمت“ بھی منعقد کیا گیا، جس کے ذریعے وقفِ زندگی کی اہمیت، مقصد اور ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔

اجتماع کا اختتامی پروگرام بھی محترم مظفر احمد صاحب، امیر ضلع کولگام زون B کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اختتامی تقریب میں اجتماع کے اغراض و مقاصد، حاصل ہونے والے نتائج اور آئندہ کے لیے تربیتی امور کی طرف توجہ دلائی گئی۔
الحمد للہ، یہ اجتماع واقفینِ نو و واقفاتِ نو کی دینی، علمی اور تربیتی ترقی کے لیے ایک مفید اور کامیاب اجتماع ثابت ہوا۔ (انچارج شعبہ وقف نو بھارت)

بہوا ضلع فتح پور میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بھوا ضلع فتح پور میں 26؍اگست 2026ء بروز بدھ بعد نماز مغرب و عشاء زیر صدارت مکرم و محترم اسماعیل صاحب صدر جماعت بھوا جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد ہوا- اس جلسے کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جو کہ مکرم قمرالدین صاحب نائب امیر ضلع فتح پور نے سُریلی آواز میں پیش کی- بعدہ مکرم جابر احمد صاحب نے ایک نظم بڑی ہی خوش الحان آواز میں پڑھ کر سنائی- اس جلسے کی پہلی تقریر مکرم امیر صاحب ضلع فتح پور نے ”سیرتِ خاتم النبیین ﷺ -دشمنوں سے حسنِ سلوک“ کے موضوع پر کی۔ اس جلسے کی دوسری نظم عزیز مکرم یاسر احمد نے پڑھ کر سنائی- اس جلسے کی دوسری تقریر خاکسار نے ”سیرت آنحضرت ﷺ رواداری کے بے مثال عملی نمونے“ کے موضوع پر کی- جس میں خاکسار نے شاملینِ جلسہ کو آنحضور ﷺکی زندگی و رواداری، غیروں سے حسنِ سلوک اور جنگوں میں آپ ﷺکے مثالی نمونے کے بارے میں بتایا- نیز بتایا کہ اسلام تلوار کے زور سے نہیں پھیلا بلکہ آپؐ کی پاک تعلیم اور اعلیٰ اخلاق کی وجہ سے پھیلا ہے۔

صدارتی خطاب و دعا کے بعد یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ شاملینِ جلسہ کے لیے طعام کا بھی انتظام تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جلسے میں شاملین کی تعداد 62تھی- الحمد للہ علیٰ ذالک

آخر پر قارئین سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسے کے بہترین نتائج ظاہر فرمائے اور ہم سب کو حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزيز کی منشاء کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے والا بنائے-آمین

اشاد علی مبلغ انچارج ضلع فتحپور یوپی