تشہد،تعوذ اور سورۃالفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نےفرمایا:اپنے آقا کی اتباع میں حضرت مسیح موعودؑکی توحید کے قائم کرنے کے لیے کوشش آپؑکے عملی نمونہ اور اپنے ماننے والوں کو نصائح اور آپ کس طرح ان کی تربیت فرمایا کرتے تھے اس کے کچھ واقعات پیش کروں گا۔
حضرت مسیح موعودؑ فرمایا کرتے تھے کسی شخص کا بیٹا مر گیا اور اس کا ایک دوست تعزیت کے لیے اس کے پاس گیا تو وہ چیخ مار کر رو پڑا اور اسے کہنے لگا کہ خدا نے مجھ پر بڑا ظلم کیا ہے گویا اس کے خیال میں اس کا کوئی حق خدا تعالیٰ نے مار لیا تھا۔مگر سوچنا چاہیے کہ وہ کون سا حق ہے جو بندے نے خدا تعالیٰ پر قائم کیا ؟
انسان کو ہر وقت یہی خیال رکھنا چاہیے کہ جو نعمتیں جو اولاد ہمیں ملی ہے اللہ تعالیٰ کے فضل کی وجہ سے ملی ہے اور یہ چیز اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے آگے جھکے رہیں۔اس کی توحید کا اپنے ہر قول و فعل سے اظہار کریں اور کبھی ہلکا سا بھی شرک کا شائبہ ہم میں پیدا نہ ہو۔کبھی یہ نہ سمجھیں کہ ہمارا کوئی اللہ تعالیٰ پر حق ہے۔ ذراسی عبادت کرنے سے کوئی حق نہیں ادا ہو گیا بلکہ ہم اپنے فائدے کے لیے عبادت کرتے ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ کو اپنے بیٹے مرزا مبارک احمد سے بڑی محبت تھی اور اس کی بیماری میں آپؑنے بڑی تیمارداری کی اس سے حضرت خلیفہ اولؓتک کو بھی یہ خیال تھا کہ اگر مبارک احمد فوت ہو گیا تو حضرت مسیح موعودؑ کو بڑا صدمہ ہوگا۔ جب مبارک احمد فوت ہو گیا ہے تو حضرت مسیح موعودؑاسی وقت نہایت صبر کے ساتھ دوستوں کو خط لکھنے لگ گئے کہ مبارک احمد فوت ہو گیا ہے مگر اس امر پر گھبرانا نہیں چاہئے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی ایک مشیت تھی جس پر ہمیں صبر کرنا چاہئے اور پھر باہر آکر مسکرا مسکرا کر تقریر کرنے لگے کہ مبارک احمد کے متعلق خدا تعالیٰ کا جو الہام تھا وہ پورا ہو گیا۔چنانچہ آپؑکا شعر بھی ہے کہ
بلانے والا ہے سب سے پیارا اسی پہ اے دل تو جاں فدا کر
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو دوران سر کا عارضہ تھا، چکروں کی تکلیف تھی۔ایک طبیب کے متعلق سنا گیا کہ وہ اس میں خاص ملکہ رکھتا ہے۔اسے بلوایا گیا اس نے حضورؑکو دیکھا اور کہا کہ دو دن میں مَیں آپ کو آرام کر دوں گا۔یہ سن کر حضرت صاحبؑاندر چلے گئے اور حضرت مولوی نور الدین صاحبؓکو رقعہ لکھا کہ اس شخص سے میں علاج ہرگز نہیں کرانا چاہتا۔یہ کیا خدائی کا دعویٰ کرتا ہے۔اس کو واپس کرایہ کے روپیہ اور مزید ۲۵؍روپے بھیج دیے کہ اسے رخصت کر دیں۔
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے تھے کہ خدا ان سے محبت کرتا ہے جو اس کی عظمت و عزّت کے واسطے جوش رکھتے ہیں۔ایسے لوگ ایک باریک راہ سے جاتے ہیں اور ہر کس و ناکس ان کے ساتھ نہیں چل سکتا جب تک خدا کے لیے جوش نہ ہو کوئی لذّت انسان کو حاصل نہیں ہو سکتی۔جب تک انسان کے دل میں اللہ تعالیٰ کے لیے ذاتی جوش نہ ہو اور نفس کی ملونی اور اپنے دنیاوی فوائد و منافع کے خیال سے انسان خالی نہ ہو جائے تب تک اس کی کوئی عبادت و صدقہ قبول نہیں ہوتا۔ پس قبولیت دعا کے لیے یہ ضروری ہے کہ توحید پر کامل یقین ہو اور ایمان ہو اور اللہ تعالیٰ سے اس کی محبت حاصل کرنے کے لیے دعا سب سے پہلے ہو۔
جو لوگ لکھتے ہیں کہ ہم نے بہت دعا کی ،ہم نے یہ کیا وہ کیا ،نفل پڑھے ،صدقے دیے ہماری دعا قبول نہیں ہوئی وہ ذرا اس بات پر غور کریں۔یہ نسخہ حضرت مسیح موعودؑ نے بتایا ہے۔
حضرت مسیح موعودؑ کو مخاطب کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا چونکہ اس زمانے میں تُو میری توحید کا علمبردار ہے اور توحید کے کھوئی ہوئی متاع کو دنیا میں دوبارہ قائم کر رہا ہے اس لیے اے مسیح محمدی! تُو مجھے ایسا ہی پیارا ہے جیسا کہ میری توحید و تفرید اور چونکہ عیسائیوں نے جھوٹ اور افترا کے طور پر اپنے مسیح کو خدا کا اصلی بیٹا بنا رکھا ہے اس لیے میری غیرت نے تقاضا کیا کہ میں تیرے ساتھ ایسا پیار کروں کہ جو اولاد کا حق ہوتا ہے تاکہ دنیا پر ظاہر ہو کہ محمد رسول اللہ ﷺکے شاگرد تک اطفال اللہ کے مقام کو پہنچ سکتے ہیں۔
آپؑفرماتےہیں کہ خدا تعالیٰ چاہتا ہے کہ ان تمام روحوں کو جو زمین کی متفرق آبادیوں میں آباد ہیں کیا یورپ اور کیا ایشیا ان سب کو جو نیک فطرت رکھتے ہیں توحید کی طرف کھینچے اور اپنے بندوں کو دینِ واحد پر جمع کرے یہی خدا تعالیٰ کا مقصد ہے جس کے لیے میں دنیا میں بھیجا گیا ہوں سو تم اس مقصود کی پیروی کرو مگر نرمی اور اخلاق اور دعاؤں پر زور دینے سے۔
پھر آپؑفرماتے ہیں:
میری تمام تر خوشی اسی میں ہے اور میری بعثت کی اصل غرض یہی ہے کہ خدا تعالیٰ کی توحید اور رسول کریم ﷺ کی عزت دنیا میں قائم ہو۔
ایک موقع پر فرمایا :
میری بیعت کی اصل غرض یہی ہے کہ خدا تعالیٰ کی توحید اور رسول کریم ﷺ کی عزت دنیا میں قائم ہو۔
قادیان میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک خادم پیراں دتّہ نام کے تھے۔ سب ان کو اسی نام سے پکارتے تھے۔مگر حضور علیہ السلام جب بلاتے تو فرماتے پیری دتّا یعنی میرے پیر اللہ کا دیا ہوا۔
اللہ تعالیٰ نے الہاماً حضرت صاحبؑکو فرمایا:خذو ا التوحید التوحید یا ابنا ء الفارس ۔ یہ الہام اپنی بقا اور ترقی کے لیے ہے آپؑکی نسل کے لیے اور ہر ماننے والے کے لیے ہے۔جب آپؑکی بیعت میں شامل ہو گئے تو آپؑکے بچوں میں نسل میں شامل ہیں۔ اگر اسے پکڑے رکھیں گے تو دین و دنیا میں کامیابی ملے گی ورنہ نہ کوئی خونی رشتہ فائدہ دیتا ہے نہ صرف بیعت کرنا فائدہ دیتا ہے۔
حافظ محمد ابراہیم صاحبؓبیان کرتے ہیں کہ پہلی دفعہ میں حکیم عبدالعزیز اور حکیم عطا محمد صاحب کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت مبارک میں حاضر ہوا۔جب حضورؑکمرے سے باہر تشریف لانے لگے تو ہم تینوں دروازے کے پاس کھڑے تھے۔ہم دو نے حضورؑکو السلام علیکم عرض کر کے آپ سے مصافحہ کیا مگر عطا محمد صاحب حضرت مسیح موعودؑکے قدموں پر گر پڑے۔ حضورؑ نے ان کو اٹھایا اور فرمانے لگے اللہ تعالیٰ نے مجھے اس زمانے میں اس شرک کو مٹانے کے لیے مبعوث فرمایا ہے۔اس طرح پیر چومنا شرک ہے۔پھر ان سے مصافحہ کیا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:مَیں اس بات کا سخت مخالف ہوں کہ کوئی میری تصویر کھینچے اور اس کو بُت پرستوں کی طرح اپنے پاس رکھے یا شائع کرے۔ مَیں نے ہر گز ایسا حکم نہیں دیا کہ کوئی ایسا کرے اور مجھ سے زیادہ بُت پرستی اور تصویر پرستی کا کوئی دشمن نہیں ہو گا۔ لیکن مَیں نے دیکھا ہے کہ آج کل یورپ کے لوگ جس شخص کی تالیف کو دیکھنا چاہیں اوّل خواہشمند ہوتے ہیں جواُس کی تصویر دیکھیں کیونکہ یورپ کے ملک میں فراست کے علم کو بہت ترقی ہے۔ اور اکثر اُن کے محض تصویر کو دیکھ کر شناخت کر سکتے ہیں کہ ایسا مدعی صادق ہے یا کاذب۔ اور وہ لوگ بباعث ہزار ہا کوس کے فاصلہ کے مجھ تک پہنچ نہیں سکتے اور نہ میرا چہرہ دیکھ سکتے ہیں لہٰذا اُس ملک کے اہلِ فراست بذریعہ تصویر میرے اندرونی حالات میں غور کرتے ہیں۔ کئی ایسے لوگ ہیں جو جنہوں نے یورپ یا امریکہ سے میری طرف چٹھیاں لکھی ہیں اور اپنی چٹھیوں میں تحریر کیا ہے کہ ہم نے آپ کی تصویر کو غور سے دیکھا اور علمِ فراست کے ذریعہ سے ہمیں ماننا پڑا کہ جس کی یہ تصویر ہے وہ کاذب نہیں ہے۔ اور ایک امریکہ کی عورت نے میری تصویر کو دیکھ کر کہا کہ یہ یسوع یعنی عیسیٰ علیہ السلام کی تصویر ہے۔ پس اس غرض سے اور اس حد تک مَیں نے اس طریق کے جاری ہونے میں مصلحتاً خاموشی اختیار کی۔ اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّاتِ۔
حضرت امیر المومنین نے فرمایا: بعض اس طرح کی بدعات ہمارے لوگوں میں بھی شروع ہو رہی ہیں۔ بعض لوگ اپنے فوت شدگان کی تصاویر اپنے ساتھ لگا لیتے ہیں۔ بعض لوگ شادیوں کی تقریبوں میں تصویر بڑی سی فریم کروا کر لگا لیتے ہیں کہ یہ ہمارے فوت شدہ بزرگ ہیں اور ہمارے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔ یہ سب شرک ہے۔ بدعت ہے اس سے بچنا چاہیے۔صرف نیک مقصد کےلیے اپنی یادگار کے طور پر البم میں تصویریں رکھنا جائز ہے لیکن اس کو فطرت بنا لینا اور پھر ہر صبح اٹھ کر دیکھنا ،سلام کرنا بدعت ہے۔
میر عبدالرحمٰن صاحب کشمیریؓکہتے ہیں کہ میرے والد صاحب پہلے حنفی تھے۔پھر اہل حدیث ہوئے۔ وہ اپنے دوست سے کہا کرتے تھے کہ ہم لوگ بڑے موحد ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ممکن ہے کوئی ایسی جماعت نکل آئے کہ وہ ہم کو بھی مشرک کردے۔ والد صاحب فرماتے ہیں کہ ایسا ہی ہوا کیونکہ ہم لوگ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو مُردوں کو زندہ کرنے والے اور چڑیوں کا خالق مانتے تھے۔ جب میرے کانوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہ شعر سنا کہ
ہے وہی اکثر پرندوں کا خدا اس خدادانی پہ تیرے مرحبا
مولوی صاحب یہی توحید ہے سچ کہو کس دیو کی تقلید ہے
اس وقت مجھے ہو ش آیا۔میں پیدل قادیان چلا گیا اور بیعت سے مشرف ہوا۔
حضرت مولانا غلام رسول راجیکی صاحبؓبیان کرتے ہیں کہ ۱۹۰۱ء کا ذکر ہے میں حضور اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں حاضر تھا۔حضور علیہ السلام نے توحید باری تعالیٰ پر ایک تقریر فرمائی اور فرمایا کہ بعض لوگ کسی کے احسان پر الحمدللہ کہنے کہ بغیر ہی جزاک اللہ کہہ دیتے ہیں حالانکہ بنظر غائر دیکھا جائے تو یہ اپنے اندر ایک گو نہ شرک کا پہلو رکھتا ہے کیونکہ احسان کرنے والے کی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ پہلے اللہ تعالیٰ کی توصیف و تحمید بیان کی جائے اور پھر احسان پر جزاک اللہ کہا جائے۔
پس توحید کا پیغام پہنچانے اور اس کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے۔ یہ آج مسیح محمدی کے غلاموں کا کام ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کام کو سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
خطبہ کے آخر میں حضورِ انور نے دنیا کے حالات کے حوالے سے دعا کی تحریک فرمائی اور فرمایا دنیا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت دعاؤں کی ضرورت ہے۔ جنگ بندی کہنے کو تو ہوگئی ہے لیکن ابھی سے اس میں دراڑیں پڑنی شروع ہوگئی ہیں۔ اسرائیلی حکومت کی کوشش ہے کہ کسی طرح لبنان پر حملہ کرکے ایرانیوں کو اشتعال دلائے او روہ جواب دیں۔ اب تو بعض یورپین ممالک نے بھی اس کے اس فعل کی مذمت کی ہے۔ بہرحال ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں پر رحم فرمائے۔ آمین ژژژ