سوال:خطبہ کے آغاز میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے کون سی قرآنی آیت تلاوت فرمائی ؟
جواب: حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ المائدۃ کی آیت نمبر 17کی تلاوت فرمائی:یَھْدِیْ بِہِ اللّٰہُ مَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَہٗ سُبُلَ السَّلَامِ وَیُخْرِجُھُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ بِاِذْنِہٖ وَیَھْدِیْھِمْ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ۔
سوال:اللہ تعالیٰ کے نزدیک واحد مقبول دین کون سا ہے اور کیوں؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:اللہ تعالیٰ کے نزدیک واحد مقبول دین اسلام ہے، جیسا کہ قرآن کریم میں فرمایا:
اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ کیونکہ اسلام ایک کامل، متوازن اور سلامتی پھیلانے والا دین ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کا قرب عطا کرتا ہے اور دنیا و آخرت دونوں میں امن و سکون کی ضمانت دیتا ہے۔
سوال:اسلام کو کامل دین قرار دینے والی کون سی آیت خطبہ میں بیان کی گئی اور اس کا مفہوم کیا ہے؟
جواب:سورۃ المائدۃ کی یہ آیت بیان کی گئی:اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَاَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا۔اس کا مفہوم یہ ہے کہ اسلام اب ہر لحاظ سے مکمل ہو چکا ہے، اس میں کوئی کمی یا نقص باقی نہیں رہا، اور یہی دین اللہ تعالیٰ کو پسند ہے۔
سوال:اسلام کس طرح دنیا میں سلامتی قائم کرتا ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:اسلام گھریلو معاملات،معاشرتی تعلقات،،بین الاقوامی اصول سب کے لیے واضح تعلیم دیتا ہے۔یہ دین افراد، خاندان، معاشرہ اور اقوام سب میں امن، محبت اور عدل قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سوال:سلام کہنے کے کیا فائدے ہیں ؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:سلام کہناایک دعائیہ کلمہ ہے،دل میں نرمی اور محبت پیدا کرتا ہے،آفات اور بدظنیوں سے بچاتا ہے،اللہ تعالیٰ سے سلامتی مانگنے کا ذریعہ ہے۔یہ محض زبان کا عمل نہیں بلکہ دل کی کیفیت کا اظہار ہے۔
سوال:اگر کسی گھر سے تین مرتبہ سلام کرنے کے باوجود جواب نہ آئے تو کیا کرنا چاہیے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:آنحضرت ﷺ کی ہدایت کے مطابق:تین بار سلام کے بعد اگر جواب نہ آئے تو واپس چلے جانا چاہیےکسی قسم کی زبردستی، تجسس یا ناراضگی نہیں ہونی چاہیے۔
سوال:گھر میں داخل ہوتے وقت سلام کرنے کا کیا فائدہ ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:گھر میں سلام کرنے سےبرکت نازل ہوتی ہے،باہمی محبت بڑھتی ہے،سخت مزاجی کم ہوتی ہے،گھریلو جھگڑے اور بغاوتیں کم ہوتی ہیں۔یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مبارک اور پاکیزہ تحفہ ہے۔
سوال:بچوں میں سلام کی عادت ڈالنا کیوں ضروری ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: سلام کی عادت ڈالنا اسلئے ضروری ہےکیونکہ سلام سے اخلاقی تربیت ہوتی ہے،حیا کا صحیح مفہوم سمجھ آتا ہے،بچے نیکی اور تقویٰ کی طرف مائل ہوتے ہیں،نوجوانی میں بگاڑ کم ہوتا ہے۔یہ ذمہ داری ماں باپ پر عائد ہوتی ہے۔
سوال:صحابہؓ سلام کے معاملہ میں کس قدر محتاط اور شوقین تھے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ صحابہؓ سلام کے معاملہ میں اس قدر محتاط تھے کہ اگر راستے میں درخت حائل ہو جاتادوبارہ ملنے پر پھر سلام کہتے۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سلام کو امن و محبت کی بنیاد سمجھتے تھے۔
سوال: آنحضرت ﷺ نے سلام کے مختلف الفاظ پر کتنی نیکیاں بیان فرمائیں؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:آنحضرت ﷺ نے سلام کے مختلف الفاظ پرجو نیکیاں بیان فرمائیں وہ یہ ہیں:السلام علیکم 10 نیکیاں،السلام علیکم ورحمۃ اللہ 20 نیکیاں،السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 30 نیکیاں۔
سوال:سلام کو پھیلانے کے کیا نتائج بیان کیے گئے ہیں؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:سلام پھیلانے سے،معاشرہ امن میں آتا ہے،گھروں میں سکون ہوتا ہے،جماعتی طاقت پیدا ہوتی ہے،غلبہ کے اسباب پیدا ہوتے ہیں۔
سوال:حضرت مسیح موعودؑ نے امتِ مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ کیا بیان فرمائی؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:حضرت مسیح موعودؑ نےفرقہ بندی اور باہمی نزاع اسلام کے زوال کی اصل وجہ بیان فرمائی۔
سوال:جماعت احمدیہ کا بنیادی پیغام کیا ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:جماعت احمدیہ کا پیغام پیار،محبت،سلامتی،دلائل کے ساتھ دفاعِ اسلام،عشقِ رسولﷺاور حضرت مسیح موعودؑ سے وفا ہے۔