طعام کہتے ہی پسندیدہ طعام کو ہیں سڑا ہوا باسی طعام نہیں کہلاتا۔ الغرض اگر اُس رکابی میں سے جس میں ابھی تازہ کھانا اور لذیذ اور پسندیدہ رکھا ہوا ہے اور کھانا شروع نہیں کیا فقیر کی صَدا پر نکال کر دے تو یہ تو نیکی ہے بیکار اور نکمّی چیزوں کے خرچ سے کوئی آدمی نیکی کرنے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ نیکی کا دروازہ تنگ ہے۔ پس یہ امر ذہن نشین کرلو کہ نکمّی چیزوں کے خرچ کرنے سے کوئی اس میں۱؎ داخل نہیں ہوسکتا۔ (رپورٹ جلسہ سالانہ ۱۸۹۷ ء صفحہ ۷۹ )
اَخلاق کی درستی کے ساتھ اپنے مقدور کے موافق صدقات کا دینا بھی اختیار کرو
یُطْعِمُوْنَ الطَّعَامَ عَلٰی حُبِّہٖ مِسْکِیْنًا وَّ یَتِیْمًا وَّاَسِیْرًا الخ یعنی خدا کی رضا کے لئے مسکینوں اور یتیموں او راسیروں کو کھانا دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ خاص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہم دیتے ہیں اور اُس دن سے ہم ڈرتے ہیں جو نہایت ہی ہَولناک ہے۔ (الحکم جلد ۵ نمبر ۲۷ مورخہ ۲۴ ؍ جولائی ۱۹۰۱ ء صفحہ۲)
مومن وہ ہیں جو خدا کی محبّت سے مسکینوں اوریتیموں اور اسیروں کو کھانا کھلاتے ہیںاور انہیں کہتے ہیں کہ ہم محض خدا کی محبّت اور اُس کے مُنہ کے لئے تمہیں دیتے ہیں ہم تم سے کوئی بدلہ نہیں چاہتے اور نہ شُکرگزاری چاہتے ہیں۔
۱؎ جنّت (سراج الدین عیسائی کے چار سوالوں کا جواب صفحہ ۴۲)(بحوالہ تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام جلد نمبر 3 تفسیر سورۃ الدھر صفحہ 281-282)