اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-01-22

جلسہ سالانہ فجی کے موقع پر حضرت امیرالمومنین کا بصیرت افروز پیغام

پیارے احباب جماعت احمدیہ فجی،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا 51واں جلسہ سالانہ 13و14؍دسمبر2025ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور آپ سب بےپناہ روحانی برکتیں حاصل کریں، اپنے علم اور ہمارے دین، اسلام کی خوبصورت اور پُرامن تعلیمات نیز آنحضرت ﷺ کی دی ہوئی ہدایات کے متعلق فہم کو بڑھائیں۔
تمام شاملین کو دعا کرنی چاہئے کہ اللہ انہیں جلسہ میں شرکت کے حقیقی مقصد کو حاصل کرنے والا بنائے۔ آپ کو یہ سوچ کر اکٹھا نہیں ہونا چاہیے کہ یہ محض ایک میلہ ہے یا صرف ایک عام اجتماع، بلکہ آپ کو یہ دن اپنے دینی علم کو بڑھانے اور اپنے روحانی معیار کو بہتر کرنے میں گزارنے چاہئیں۔ آپ سب کو چاہیے کہ اپنا وقت دعا اور اللہ کی یاد میں صرف کریں اور خاص طور پر ہماری جماعت کی ترقی اور اسے ہر نقصان سے محفوظ رہنے کے لیے دعا کریں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوّت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘
(اشتہار۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء،
مجمو عہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
مجھے امید ہے کہ گذشتہ سال کے آپ کے ۵۰ویں جلسہ سالانہ کے تاریخی سنگ میل پر میرے بھیجے گئے پیغام میں دی گئی ہدایات پر آپ نے عمل کرنے کی کوشش کی ہے جس میں مَیں نے کہا تھا کہ آپ کو صرف اپنی تاریخ کے اس اہم سنگ میل تک پہنچنے پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے، بلکہ آپ کو خود سے پوچھنا چاہئے کہ ہم نے کیا حاصل کیا ہے اور ہم کس طرح زیادہ تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں اور مزید ترقی کر سکتے ہیں اور ہم اپنی کمزوریوں کو کیسے دور کر سکتے ہیں؟ میں نے آپ کو تلقین کی تھی کہ جماعت کی خدمت کے لیے خود کو نئے جوش، توانائی اور لگن کے ساتھ وقف کریں۔ خاص طور پر میں نے آپ کو تبلیغ کے لیے نئی حکمت عملیاں بنانے کا کہا تھا اور یہ کہ جماعت کے ہر ممبر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عظیم کام میں شامل ہو۔
یاد رکھیں کہ آنحضرت محمد ﷺ کو بھی اللہ تعالیٰ نے اسلام کا پیغام پہنچانے کا حکم دیا تھا جسے آپؐنے زندگی بھر مکمل وفاداری کے ساتھ پورا کیا۔ ہم قرآن کریم میں پڑھتے ہیں: یٰۤاَیُّہَا الرَّسُوۡلُ بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡکَ مِنۡ رَّبِّکَ ؕ وَاِنۡ لَّمۡ تَفۡعَلۡ فَمَا بَلَّغۡتَ رِسَالَتَہٗ (المائدۃ:۶۸)اے رسول! اچھی طرح پہنچا دے جو تیرے ربّ کی طرف سے تیری طرف اتارا گیا ہے۔اور اگر تُو نے ایسا نہ کیا تو گویا تُو نے اس کے پیغام کو نہیں پہنچایا۔
اس حوالہ سے میں نے احباب جماعت کو مسلسل تبلیغ سے متعلق ہماری ذمہ داری کی یاددہانی کروائی ہے۔ میں نے کہا تھا: ’’ جس حق کو اور ہدایت کو اور سچائی کو تم نے قبول کیا ہے اس کو دنیا میں پھیلاؤ اور بتاؤ۔ اور یہ پرواہ نہیں ہونی چاہيے کہ لوگ مانتے ہیں کہ نہیں مانتے۔ پیغام یہاں کے ہر شہری تک پہنچ جانا چاہئے۔ ہر ملک کے ہر شہری تک ہر احمدی کو پہنچا دینا چاہئے اور یہی وہ کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمارے سپرد فرمایا ہے۔‘‘
(اختتامی خطاب، جلسہ سالانہ بیلجیم ۱۶؍ ستمبر ۲۰۱۸ء)
ایک خطبہ میں مَیں نے احباب جماعت کو درج ذیل الفاظ میں نصیحت کی تھی: ’’ بعض لوگ کہہ دیتے ہیں … کہ ہمارے پاس علم نہیں ہے اس لئے ہم تبلیغ نہیں کر سکتے۔ … ہمیں علمی لحاظ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایسے دلائل سے لیس کر دیا ہے … کہ معمولی سی کوشش بھی کافی حد تک علمی مضبوطی عطا کر دیتی ہے۔ پھر سوال و جواب کی صورت میں آڈیو ویڈیو مواد موجود ہے۔ پھر ویب سائٹس ہیں۔ … پس ایک تو پہلے اپنا علم بڑھانے کی ضرورت ہے … دوسرے یہ پتا ہونا چاہئے کہ اس وقت ہمارے لٹریچر اور ویب سائٹ میں کہاں یہ علمی جواب اور مواد میسر ہے۔‘‘
(خطبہ جمعہ ۸؍ستمبر ۲۰۱۷ء)
لہٰذا میں آپ سب، ہر ایک احمدی مسلمان کو تلقین کرتا ہوں کہ آگے بڑھیں اور اسلام احمدیت کے پرامن پیغام کو فجی کے تمام لوگوں تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اللہ آپ کو اس نیک کام میں ہر کامیابی عطا فرمائے۔
اس دور میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظامِ خلافت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلافت کا وفادار، مخلص اور فرمانبردار رہنا چاہیے اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور اخلاص کے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے۔ یہ ہماری مسلسل ترقی کی کلید اور جماعت کی دائمی ترقی کو مشاہدہ کرنے کا ذریعہ ہے۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنی فیملی، خصوصاً اپنے بچوں کو، اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپ کو بالخصوص میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سننا چاہیے اور دیگر مواقع پر بھی بیان کی گئی میری باتوں پر عمل کرنا چاہیے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے کہ اس جلسہ کی کارروائی سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنے ایمانوں کو مضبوط کریں۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور نیک اعمال میں بڑھنے اور خدمت اسلام اور انسانیت کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 14جنوری 2026ء)