حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ میکسیکو ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ میکسیکو
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا چھٹا جلسہ سالانہ مورخہ ۱۲و۱۳؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ سب بےانتہا فضلوں کے وارث بنیں اور ہمارے دین اسلام کی خوبصورت اور پُرامن تعلیمات اور آ نحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی دی ہوئی راہنمائی کے متعلق اپنے علم اور فہم کو بڑھانے والے ہوں۔
جیسا کہ میں نے حال ہی میں جرمنی کے جلسہ سالانہ کے موقع پر سب کو یاد دہانی کروائی تھی، تمام شاملین کو دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلسہ میں آنے کے مقصد کو حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آپ کو اس خیال سے اکٹھا نہیں ہونا چاہیے کہ یہ محض ایک عام اجتماع ہے، بلکہ آپ کو ان دنوں کے دوران اپنی علمی اور روحانی حالتوں کو بہتر بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔آپ سب کو اپنا وقت ذکرِ الٰہی اور دعا میں گزارنا چاہیے اور جماعت کی ترقی نیز شر سے محفوظ رہنے کے لیے دعا کرنی چاہیے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوّت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘
(اشتہار۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
میں آپ کو نصیحت کرتا ہو کہ جلسہ کے مقدس ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اپنے تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کریں اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کریں۔ آپ کو مسلسل خود احتسابی سے کام لینا چاہیے اور اپنی اندرونی حالتوں کو بہتر کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں تاکہ آپ ان بلند معیاروں کو پاسکیں جن کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی جماعت کے ممبران سے کی ہے۔
یقیناً یہ جلسہ آپ کے دلوں میں نرمی، شفقت اور عاجزی پیدا کرنے والا ہونا چاہیے۔ یہ جماعت کے اندر پیار اور بھائی چارہ کے رشتوں کو بڑھانے کا ذریعہ ہونا چاہیے اور نہ صرف ایک دوسرے کا خیال رکھنے میں بلکہ باقی انسانیت کی بھی خدمت کرنے میں آپ کو ایک عمدہ مثال قائم کرنے والا بنانا چاہیے۔ آپ کو اپنے روزمرہ کے طرزعمل اور رویّے میں عاجزی اور نرمی پیدا کرنی چاہیے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ اسلام کی خدمت کا شوق اور جذبہ نیز ہمارے خالق اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک زندہ تعلق قائم کرنا چاہیے۔
آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہیے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں، خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تب ہی آپ زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔ یاد رکھیں کہ خلافت احمدیہ کا کام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ جب احمدی خلیفۃ المسیح کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں، تو یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اس عہد کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ اگر جماعت کا ہر ممبر خلیفۃ المسیح کی دی ہوئی ہدایات اور راہنمائی پر اخلاص سے عمل کرے تو اطاعت اور اتحاد کے اعلیٰ ترین معیار قائم ہوں گے اور اس کے نتیجے میں جماعت انسانیت کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف واپس لانے اور دنیا میں امن و ہم آہنگی قائم کرنے کے اپنے کام میں بہت ترقی کرے گی۔
لہٰذا خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک قریبی تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ وفادار رہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر دیے گئے خطابات باقاعدگی سے سننے چاہئیں۔
میں آپ کو تبلیغ کے حوالے سے آپ کی اہم ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے ليے لازمی ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور میکسیکو کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے نئے اور مؤثر ذرائع ڈھونڈنے چاہئیں۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے کہ آپ اپنے جلسہ کی کارروائی سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنے ایمان کو مضبوط کریں۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور نیک اعمال میں بڑھائے نیز اسلام اور انسانیت کی خدمت کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 14 مئی 2025)