اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-05-28

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ لائبیریا 2026ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ لائبیریا 2026ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ لائبیریا
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا بائیسواں جلسہ سالانہ ۶، ۷اور۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین بے شمار برکات حاصل کریں۔
قادیان میں ہمارے حالیہ جلسہ سالانہ کے موقع پر میں نے احباب جماعت کو اس جلسہ کی اہمیت سے آگاہ کیا تھا اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الفاظ یاد دلائے تھے۔ آپؑ نے فرمایا:’’اس جلسہ کو معمولی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اوراعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اوراس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کافعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘
(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم ایک پیشگوئی کا رنگ رکھنے والے ان الفاظ کی تکمیل کا مسلسل مشاہدہ کر رہے ہیں۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ لائبیریا سمیت دنیا بھر کے ممالک میں جلسے باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور قومیں در قومیں اس میں شامل ہوتی چلی جارہی ہیں۔
لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ کی برکات کے صرف وہی لوگ وارث ہوں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کی گئی بیعت کے عہد پر ثابت قدم رہیں گے۔ جو لوگ اپنی اخلاقی اصلاح اور روحانی ترقی پر توجہ نہیں دیتے وہ اس کی برکات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔
جیسا کہ میں نے جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر بتایا تھا، بیعت کی حقیقی روح کو پورا کرنے کے لیے ہر قسم کی بےحیائی، فحاشی، ناانصافی، بے ایمانی، بد نظمی اور سرکشی سے اجتناب لازمی ہے۔ احمدیوں کو اپنے آپ کو دنیاوی خواہشات کے تابع نہیں ہونے دینا چاہیے بلکہ انہیں اپنے نفس پر قابو رکھنا چاہیے۔ ایسے منفی اثرات سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ کر ہی ہم اپنی بیعت کی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کر سکتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ عمل کے بغیر محض الفاظ کا کوئی فائدہ نہیں۔ اگر آپ اسلام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، اگر آپ اپنی بیعت کے حق کو ادا کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو تقویٰ یعنی راستبازی کی صفت اپنانی ہوگی اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کرنا ہوگا۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ تقویٰ ہماری دعاؤں کی قبولیت کے لیے ایک بنیادی شرط ہے۔
بے شک حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اعلان فرمایا کہ جب تک اللہ تعالیٰ کی نظر میں جماعت راستباز نہ بن جائے ہم اس کی مدد کی توقع نہیں رکھ سکتے۔ محض اپنے آپ کو نیک سمجھ لینا کافی نہیں، انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی نظر میں نیک بنے۔ پس اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ جماعت کا ہر فرد نیکی کی راہ پر فعال طور پر گامزن رہے۔
آج کی دنیا میں نئے ذرائع اور ٹیکنالوجیز مسلسل بڑھ رہی ہیں جو لوگوں کو اخلاق سے دور اور بےحیائی و فحاشی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ مثلاً انٹرنیٹ، ٹیلی ویژن اور میڈیا سب کے سب برائی کے دروازے ہیں اور جوان و بوڑھے سب کو بگاڑنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ ایسی بے حیائی سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر احمدی باقاعدگی سے استغفار کرے اور اللہ تعالیٰ کے حضور جھکے، اس سے ہر قسم کی برائی سے مدد، رحمت اور پناہ کی التجا کرے۔
میں آپ کو خلافتِ احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت یاد دلاتا ہوں جو بے شمار برکات کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃالمسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کثرت سے دیکھیں اور اپنی دینی سمجھ اور علم میں اضافہ کریں۔ بالخصوص آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر دیے گئے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔
پھر سب سے اہم بات یہ کہ ہمیں اسلام اور ہمارے پیارے آقا آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو دنیا کے ہر کونے تک پھیلانے کا فریضہ سونپا گیا ہے۔ لہٰذا آپ کو دانشمندی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور لائبیریا کے تمام باشندوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے لیے جامع اور مؤثر پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں، مَیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے جلسہ کی کارروائیوں سے بہت زیادہ فائدہ اٹھانے اور آپ کے ایمان کو مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ، نیک عمل اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف ایک حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم کرے۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل 20 مئی2026)