خدا تعالیٰ نے ایسے غیب سے سامان پیدا کر دیئے ہیں کہ ہماری جماعت آپ ہی آپ مختلف ممالک میں پھیلتی جارہی ہے اور وہ پیشگوئی پوری ہورہی ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمائی تھی کہ میرے ذریعہ اسلام اور احمدیت کا نام دنیا کے کناروں تک پہنچے گا۔آپ لوگوں نے دیکھ لیا کہ یہ پیشگوئی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے ایک بیٹے کے متعلق فرمائی تھی کس شان کے ساتھ پوری ہوئی اور چونکہ اکثر علامات جو اس بیٹے کی بتائی گئی تھیں وہ سالہا سال سے پوری ہو رہی تھیں اس لئے جماعت ہمیشہ مجھے یہ کہا کرتی تھی کہ مصلح موعود آپ ہی ہیں۔مگر میں نے اس امر کو تسلیم کرنے سے انکار کیا اور میں نے کہا جب تک خدا مجھے آپ یہ اطلاع نہ دے کہ میں اس پیشگوئی کا مصداق ہوں اُس وقت تک میرا اپنے آپ کو اس پیشگوئی کا مصداق قرار دے کر دعویٰ کرنا درست نہیں ہو سکتا۔یہی حالت ایک لمبے عرصہ تک رہی یہاں تک کہ اس سال کے شروع میں ۵ اور ۶ جنوری کی درمیانی رات کو اللہ تعالیٰ نے اپنے الہام کے ذریعہ بتایا کہ میں ہی وہ مصلح موعود ہوں جس کا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی میں ذکر کیا گیا تھا اور میرے ذریعہ ہی دور دراز ملکوں میں خدائے واحد کی آواز پہنچے گی ، میرے ذریعہ ہی شرک کو مٹایا جائے گا اور میرے ذریعہ ہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا نام دنیا کے کناروں تک پہنچے گا۔خصوصاً مغربی ممالک جہاں تو حید کا نام مٹ چکا ہے وہاں میرے ذریعہ ہی اللہ تعالیٰ تو حید کو بلند کرے گا اور شرک اور کفر کو ہمیشہ کیلئے مٹا دیا جائے گا۔تب جبکہ خدا نے مجھے یہ خبر دیدی میں نے اس کا دنیا میں اعلان کرنا شروع کر دیا۔چنانچہ آج میں اس جلسہ میں اُسی واحد اور قہار خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں جس کی جھوٹی قسم کھانا لعنتیوں کا کام ہے اور جس پر افتراء کرنے والا اس کے عذاب سے کبھی بیچ نہیں سکتا کہ خدا نے مجھے اسی شہر لاہور میں ۱۳ ٹمپل روڈ پر شیخ بشیر احمد صاحب ایڈووکیٹ کے مکان میں یہ خبر دی کہ میں ہی مصلح موعود کی پیشگوئی کا مصداق ہوں اور میں ہی وہ مصلح موعود ہوں جس کے ذریعہ اسلام دنیا کے کناروں تک پہنچے گا اور توحید دنیا میں قائم ہوگی۔پس یہ جلسہ اس غرض کیلئے کیا گیا ہے کہ آپ لوگوں کو بتایا جائے کہ وہ عظیم الشان پیشگوئی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ۱۸۸۶ء میں فرمائی تھی پوری ہوگئی۔اس پیشگوئی کی صداقت پر وہ لاکھوں لوگ گواہ ہیں جو میرے ذریعہ اسلام پر قائم ہوئے ، جو میرے ذریعے توحید پر قائم ہوے، جو میرے ذریعہ خدا اور اس کے رسول کے والہ وشیدا بنے۔عیسائی اس بات کے گواہ رہیں کہ پیشگوئی پوری ہو گئی ، آریہ اس بات کے گواہ رہیں کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، مسلمان اس بات کے گواہ رہیں کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی۔
آج سے اُنسٹھ سال پہلے خدائے علیم وخبیر نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو خبر دی تھی کہ میرا ایک بیٹا ہوگا اور وہ دنیا کے کناروں تک شہرت پائے گا یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، انگلستان اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، سپین اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، اٹلی اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، برلن اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری گئی ، ہنگری اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، البانیہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، یوگوسلاویہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، پولینڈ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، زیکوسلواکیہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، شمالی امریکہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، جنوبی امریکہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، سیرالیون اِس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، گولڈ کوسٹ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، نائیجیر یا اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، مصر اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی، کینیا کا لونی اِس بات پر گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہو گئی ، یوگنڈا اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، زنجبار اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہو گئی ، ٹانگانیکا اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، سیلون اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، ماریشس اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ،فلسطین اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، شام اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، روس اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، چین اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، جاپان اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ،سماٹرا اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہو گئی ، جاوا اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، ملایا اِس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، بور نیو اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، ایران اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، کا بل اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی ، ہندوستان کا گوشہ گوشہ اس بات کا گواہ ہے کہ یہ پیشگوئی پوری ہوگئی۔دنیا میں کون ایسا انسان ہے جس میں یہ طاقت ہو کہ وہ دلوں کو فتح کر سکے ، دنیا میں کون ایسا انسان ہے جولوگوں کو اس عظیم الشان قربانی پر آمادہ کر سکے۔یہ خدا تعالیٰ کا ہی ہاتھ تھا جس نے دنیا میں اس قدر تغیرات پیدا کئے ، یہ خدا کا ہی ہاتھ تھا جس نے لوگوں کے دلوں کو کھینچا اور انہیں اسلام کے لئے اپنی جانوں اور اپنے مالوں کو قربان کرنے کے لئے آمادہ کر دیا۔
۔۔۔خدا نے مجھے وہ تلوار میں بخشی ہیں جو کفر کو ایک لحظہ میں کاٹ کر رکھ دیتی ہیں ، خدا نے مجھے وہ دل بخشے ہیں جو میری آواز پر ہر قربانی کرنے کے لئے تیار ہیں۔میں انہیں سمندر کی گہرائیوں میں چھلانگ لگانے کے لئے کہوں تو وہ سمندر میں چھلانگ لگانے کے لئے تیار ہیں، میں انہیں پہاڑوں کی چوٹیوں سے اپنے آپ کو گرانے کے لئے کہوں تو وہ پہاڑوں کی چوٹیوں سے اپنے آپ کو گرا دیں، میں انہیں جلتے ہوئے تنوروں میںکو د جانے کا حکم دوں تو وہ جلتے تنوروں میں کو دکر دکھا دیں۔اگر خود کشی حرام نہ ہوتی ، اگر خود کشی اسلام میں نا جائز نہ ہوتی تو میں اس وقت تمہیں یہ نمونہ دکھا سکتا تھا کہ جماعت کے سو آدمیوں کو میں اپنے پیٹ میں خنجر مار کر ہلاک ہو جانے کا حکم دیتا اور وہ سو آدمی اسی وقت اپنے پیٹ میں خنجر مار کر مر جاتا۔
خدا نے ہمیں اسلام کی تائید کے لئے کھڑا کیا ہے، خدا نے ہمیں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام بلند کرنے کے لئے کھڑا کیا ہے۔دنیا ما یوس ہو چکی تھی اسلام کی ترقی سے، دنیا کہہ رہی تھی کہ اسلام اب دنیا پر غالب نہیں آ سکتا۔تب خدا نے میرے ہاتھ سے ان اناڑی لوگوں کو دنیا میں بھجوایا اور انہوں نے ہزاروں افراد کو اسلام کا حلقہ بگوش بنا دیا مگر یہ پہلی فوج اناڑیوں کی تھی۔اب با قاعدہ ایک تعلیم یافتہ گروہ اس غرض کے لئے تیار ہو رہا ہے جس نے اپنی تمام زندگی اسلام کی خدمت کے لئے وقف کی ہوئی ہے۔۔۔ تھوڑے دنوں تک ہی تم دیکھ لو گے ان علاقوں کے کونے کونے سے یہ آواز اُٹھتی سنائی دے گی کہ اَشْهَدُ اَنْ لا إِله إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَاَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُہٗ ( انوار العلوم جلد 17 صفحہ 228-232)