سیّدنا حضرت المصلح الموعود خلیفۃ المسیح الثانی ؓ حضرت بانی اسلام حضرت اقدس محمد مصطفےٰ ﷺ کی مذہبی رواداری کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
’’ آپ مذہبی رواداری پر نہایت زور دیتے تھے اور خود بھی اعلیٰ درجہ کا نمونہ اِس بارہ میں دکھاتے تھے۔یمن کاایک عیسائی قبیلہ آپ سے مذہبی تبادلہ خیال کرنے کے لئے آیا۔جس میں اُن کے بڑے بڑے پادری بھی تھے۔مسجد میں بیٹھ کر گفتگو شروع ہوئی اور گفتگو لمبی ہو گئی۔اِس پر اِس قافلہ کے پادری نے کہا اب ہماری نماز کا وقت ہے ہم باہر جا کر اپنی نماز ادا کر آئیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا باہر جانے کی کیا ضرورت ہے ہماری مسجد میں ہی اپنی نماز ادا کر لیں۔آخر ہماری مسجد خدا کے ذکر ہی کے لئے بنائی گئی ہے۔‘‘
(دیباچہ تفسیر القرآن صفحہ 404)